پانی کی جنگ،شامی فوج کی دمشق کی بردی کالونی پر درجنوں فضائی حملے

پانی کی جنگ،شامی فوج کی دمشق کی بردی کالونی پر درجنوں فضائی حملے

دمشق :دمشق کے نواحی علاقے میں شامی فوج کے حملوں میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ شامی فوج دارالحکومت کو پانی کی فراہمی کے مرکزی مقام کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش میں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دمشق کے نواحی علاقوں پر قابض باغیوں پر شامی فوج کے حملوں سے رواں ماہ کے اختتام پر ہونے والے امن مذاکرات کے انعقاد کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

روس، ترکی اور ایران کی ضمانت سے شروع ہونے والی جنگ بندی کو صرف پانچ دن ہوئے ہیں اور ابھی سے اِس ڈیل میں دراڑیں پیدا ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ شامی فوج دمشق کے نواح میں واقع علاقوں کی بازیابی کے لیے اپنے حملوں میں شدت پیدا کیے ہوئے ہے۔
اس لڑائی کی وجہ سے جنگ بندی کی ڈیل میں شامل کم از کم دس باغی گروپوں نے رواں مہینے کے اختتام پر وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہونے امن مذاکرات میں شرکت کو معطل کر دیا ۔
باغیوں کے مطابق شامی فوج مشرقی غوطہ اور وادی بردی میں قابض باغیوں پر بار بار حملے کر کے فائربندی کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ ابھی تک جنگ بندی کا احترام کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ کئی ایام سے شامی فوج کے جنگی طیارے دمشق سے پندرہ کلومیٹر کی دوری پر واقع وادی بردی پر روزانہ کی بنیاد پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ باغیوں نے یہ بھی کہا کہ اگر شامی فوج کے زمینی دستے حرکت کرتے ہیں تو باغی فائربندی ڈیل کو ختم سمجھیں گے۔