نوازشریف نے معاشی ترقی کا سفر جہاں جھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے: وزیر اعظم ، سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی پر قوم کو مبارکباد 

نوازشریف نے معاشی ترقی کا سفر جہاں جھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے: وزیر اعظم ، سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی پر قوم کو مبارکباد 
سورس: File

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے  پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 2 ہزار 231 پوائنٹس کے غیرمعمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارک  دی ہے۔  وزیراعظم نے  کہا کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے اور 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا تیزی سے اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔ ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے ہیں، پرخلوص محنت، دیانتداری اور سچائی ثمر لا رہی ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے  کہ ہماری مسلسل محنت اور درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔قائد محمد نوازشریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے پھر دوبارہ آغاز ہو رہا ہے الحمدللہ، ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے ۔شدید مایوسیوں کے بعد امید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہےقوم کو مبارک ہو  ۔ 

وزیراعظم نے  کہا کہ  خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے  ۔قائد محمد نوازشریف کے تعمیر، ترقی اور عوام کی خوش حالی کے وژن پر ایک بار پھر عمل پیرا ہیں جس طرح 2013 سے 2018 کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران، دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی تھی، معاشی ترقی لائے تھے، ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر لارہے ہیں ۔قومی ترقی اور معاشی استحکام کے سفر کو اسی سمت اور اسی جذبے و محنت سے جاری رکھنا ہو گا ۔

 انہوں نے مزید کہا  کہ جس طرح نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کا آغاز کیا، معیشت بحال کی، مہنگائی 4 فیصد اور کھانے پینے کی اشیاء کی شرح 2 فیصد پر لائے تھے، ترقی کی شرح 6.1 فیصد اور پالیسی ریٹ ساڑھے 6 فیصد پر تھا، اب دوبارہ ترقی کے اسی سفر کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔ اب زراعت، آئی ٹی، صنعت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقی کا سفر تیز ہو گا انشاء اللہ  ۔پھر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ نوجوانوں کے روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری سے ہم کنار کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں