جھنگ : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جھنگ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں کے مقررہ روٹس میں کسی قسم کی تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔
وزیر اطلاعات نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ صبر، تحمل اور رواداری کا پیغام دیں تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہے۔ اجلاس کے بعد عظمیٰ بخاری نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جلوسوں کے راستوں پر روشنی، پانی کے چھڑکاؤ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اُنہوں نے واضح ہدایت کی کہ ان امور میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا جہاں اُنہیں جلوسوں کی نگرانی کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں عظمیٰ بخاری نے جھنگ شہر میں 3.5 کلومیٹر طویل مرکزی جلوس کے روٹ کا خود معائنہ کیا اور امام بارگاہ مہاجرین میں منتظمین سے ملاقات کر کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہر بھر میں لگائے گئے سبیل پوائنٹس کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو صفائی ستھرائی اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی مؤثر موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اکاؤنٹس کی کڑی نگرانی جاری ہے اور مذہبی انتشار پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔