Get Alerts

ہندوستان اور ہندوستانی پراکسیز پورے خطے کیلئےخطرہ ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

ہندوستان اور ہندوستانی پراکسیز پورے خطے کیلئےخطرہ ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور یہ حقیقت کبھی تبدیل نہیں ہو سکتی۔ اُن کا کہنا تھا کہ "بلوچستان نہ صرف ہماری ثقافت اور معیشت میں گہرائی سے جڑا ہوا ہے، بلکہ آنے والے وقتوں میں یہ پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ بنے گا۔"

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان خیالات کا اظہار "ہلال ٹاکس" کے ایک اہم اجلاس میں کیا، جہاں ملک بھر سے 1950 سے زائد سینئر اساتذہ نے شرکت کی۔ اُنہوں نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے دشمن قوتوں کی سازشوں، خاص طور پر بھارتی پراکسیز کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ "بی ایل اے" جیسے گروہ بھارت سے مکمل مالی و فکری تعاون لے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بی ایل اے کی قیادت بھارت میں بیٹھی ہے اور کھلے عام ہندوستان سے مدد مانگتی ہے۔ "یہ لوگ ہندوستان کے پالتو اور زر خرید غلام ہیں، جو پاکستان کے خلاف دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں،" اُنہوں نے واضح کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ ہندوستان اور اس کی پراکسیز نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ان تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ آخر میں اُنہوں نے پاک فوج اور عوام کے باہمی رشتے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "عوام اور افواج ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں، یہ رشتہ نہ کبھی ٹوٹا ہے اور نہ ٹوٹے گا۔"

ٹیگز: