Get Alerts

معرکہ حق میں ہندوستان پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا ، بھارتی دعویٰ غلط ثابت،ڈی جی آئی ایس پی آر

معرکہ حق میں ہندوستان پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا ، بھارتی دعویٰ غلط ثابت،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی :  ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں ناکام رہا، دشمن کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے بیانیے حقیقت کے خلاف ہیں۔

امریکی جریدے بلومبرگ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی فوجی ترقیاتی حکمت عملی ہمیشہ مؤثر، جدید اور قابل اعتماد پلیٹ فارمز کے استعمال پر مبنی رہی ہے، جس میں اندرون ملک تیار کردہ دفاعی ٹیکنالوجی کو بھی کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کا حصہ نہیں، لیکن ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہر قسم کی مؤثر ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے تیار ہے، چاہے وہ مشرقی ہو یا مغربی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی حقائق اور اعداد و شمار کو چھپانے یا توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ان کے مطابق، معرکۂ حق کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستانی طیارے گرانے کا دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستانی افواج میں شامل چینی ساختہ ہتھیاروں اور پلیٹ فارمز، بشمول J-10C لڑاکا طیاروں نے معرکۂ حق میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بلومبرگ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی حالیہ بیان میں تصدیق کر چکے ہیں کہ پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران بھارتی فضائیہ کے 7 طیارے مار گرائے، جن میں جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

مزید یہ کہ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے اگست میں جدید Z-10ME حملہ آور ہیلی کاپٹر کو بھی اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ پاکستان اس وقت چینی اور امریکی دونوں ساخت کے جدید ترین طیاروں، جیسے F-16، استعمال کر رہا ہے، جو دفاعی صلاحیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ٹیگز: