Get Alerts

پاکستان پہلے بھی نہیں جھکا، اب بھی نہیں جھکے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان پہلے بھی نہیں جھکا، اب بھی نہیں جھکے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے کبھی کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ آئندہ جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے بڑھ کر ہے، یہ ہمارے لیے اعزاز ہے۔"

انہوں نے یہ بات چائنہ میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، جس میں انہوں نے پاک چین تعلقات، بھارت سے کشیدگی اور خطے میں امن و سلامتی سے متعلق مختلف سوالات پر کھل کر بات کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام ممالک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، مگر جو قومیں بڑی سوچ رکھتی ہیں وہ انسانیت کی فلاح اور ترقی کو مقدم رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ذمہ دار ریاستیں ہیں، جن کی پہلی ترجیح اپنے عوام کی خوشحالی اور خطے میں امن و استحکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان اور چین خطے میں امن کے لیے دہشتگردی جیسی لعنت کے خلاف مل کر لڑ رہے ہیں کیونکہ دہشتگردی کا مقصد ہی ترقی کو روکنا ہے۔"

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے چین کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین نے بہت کم عرصے میں بڑی آبادی کے ساتھ جو ترقی کی ہے، وہ دنیا کے لیے ایک سبق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ ملک ترقی اور امن کی راہ پر گامزن ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل کامیابی امن ہے۔ آج پاکستان کی گلیوں اور بازاروں میں لوگ کسی جنگ کی نہیں بلکہ امن کی خوشی مناتے ہیں، اور یہی ہماری سب سے بڑی فتح ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا، "ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں، ہم امن پسند لوگ ہیں، اور ان شاء اللہ پاکستان جلد ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔"

ٹیگز: