لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شہروں میں سائیکل چلانے کے کلچر کو عام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ سائیکل کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سائیکل نہ صرف انسانی صحت کے لیے بہترین ہے بلکہ ماحول کی حفاظت کا بھی زبردست ذریعہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یورپ میں آج بھی لوگ سائیکل کو روزمرہ کی سواری کے طور پر استعمال کرتے ہیں، تو ہمارے یہاں کیوں نہیں؟ سائیکل کو اپنا کر ہم اپنی صحت بہتر بنا سکتے ہیں اور قدرتی ماحول کو بھی بچا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائیکل ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ آلودگی اور بیماریوں سے بچاؤ کا بھی ذریعہ ہے۔ خاص طور پر سکول اور کالج کے طلبہ کو سائیکلنگ کی ترغیب دی جانی چاہیے اور انہیں اس کے فوائد سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے سائیکل کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے یو این او کے 2018 کے فیصلے کا بھی ذکر کیا جس میں سائیکل کو سستی اور ماحول دوست سواری تسلیم کیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت مند اور محفوظ ماحول کے لیے سائیکلنگ کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔