پشاور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، یہ ہماری "ریڈ لائن" ہے اور ایک ایک قطرے پر پاکستانیوں کا حق ہے۔
پشاور میں امن و امان کی صورتحال پر بلائے گئے قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے 7 مئی کو حملہ کر کے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں پانی بند کرنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو سخت جواب دیا، جس کے بعد مودی حکومت آج شکست کے زخم چاٹ رہی ہے۔
قبائلی جرگے میں عسکری و سیاسی قیادت سمیت گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دیں، ان کے مسائل سننے اور حل کے لیے یہاں آیا ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے کے تعین کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2010 سے اب تک خیبرپختونخوا کو انسداد دہشت گردی کے لیے 700 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو جدید سہولیات سے لیس کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ حالیہ دنوں میں چار ممالک کے دورے سے واپس آئے ہیں، جہاں پاکستان کے مؤقف اور حالیہ اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم متحد ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اجتماعی مفاد میں مشکل مگر درست فیصلے کریں۔