مارمارس :ترکیہ کے جنوب مغربی علاقے مارمارس میں منگل کی صبح آنے والے 5.8 شدت کے زلزلے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ مختلف واقعات میں 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے فوری بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ترک وزیر داخلہ نے بتایا کہ متعدد افراد خوف کے باعث اونچائی سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے زخمی ہوئے۔ زلزلے سے کسی عمارت کے منہدم ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زخمیوں میں ایک 14 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔
امدادی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آئیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترکیہ ماضی میں بھی شدید زلزلوں کا سامنا کر چکا ہے، اور موجودہ زلزلے نے ایک بار پھر شہریوں میں عدم تحفظ کی فضا پیدا کر دی ہے۔