اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اقتصادی تعاون کے ایجنڈے اور ترقیاتی بینک کے قیام کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کاکہا ہے۔
بیجنگ میں ایس سی او وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں مالیاتی استحکام، معاشی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ایس سی او ترقیاتی بینک کو ایک اہم اقدام سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینک نہ صرف رکن ممالک میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دے گا بلکہ ڈیجیٹل فنانس، فِن ٹیک، اور گرین فنانسنگ جیسے جدید مالیاتی شعبوں کو بھی اپنے دائرہ کار میں شامل کرے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان، ایس سی او کے تحت اقتصادی شراکت داری، تجارتی روابط، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت سازی جیسے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے ایس سی او نیٹ ورک آف فنانشل تھنک ٹینکس کے قیام کو ایک بروقت اقدام قرار دیا، جو خطے میں تحقیقی تعاون، پالیسی ہم آہنگی، اور سٹریٹجک وژن کے فروغ میں مدد دے گا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی بہتری پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ حالیہ اصلاحات سے مالیاتی استحکام حاصل ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری آئی ہے، اور افراط زر کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر دنیا کے لیے بنائے گئے کامیاب ماڈلز اور اجتماعی کوششوں سے سیکھنے پر یقین رکھتا ہے، اور خطے کی پائیدار ترقی کے لیے ایس سی او فریم ورک میں بھرپور شراکت جاری رکھے گا۔
چین کے وزیر خزانہ اور پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر نے اجلاس کے دوران پاکستان کی معاشی پیشرفت کو سراہا اور جاری اصلاحات کی تعریف کی۔