اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد ملک بھر میں توانائی کی بچت کے لیے کاروباری بندش کے نئے اوقاتِ کار کا باقاعدہ نفاذ کر دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ملک گیر نوٹیفکیشن کے تحت تمام صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے شیڈول پر سخت عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے گرمیوں کے عروج پر بجلی کے قومی گرڈ پر دباؤ کو کم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
تمام تجارتی مراکز، مارکیٹیں، بازار اور مالز اب روزانہ رات 9:00 بجے لازمی بند کر دیے جائیں گے۔شادی ہالز، مارکیوں اور ہر قسم کی کمرشل تقریبات کے لیے رات 10:00 بجے کی آخری حد مقرر کی گئی ہے۔
عوامی ضرورت اور ہنگامی خدمات کے پیشِ نظر درج ذیل شعبوں کو اوقاتِ کار کی پابندی سے یکسر مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اور وہ 24 گھنٹے کھلے رہ سکتے ہیں۔اس میں میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز۔ آئی ٹی (IT) کمپنیاں اور سافٹ ویئر ہاؤسز، روایتی تندور، جمز (Gyms) اور فیول اسٹیشنز (پٹرول پمپس) شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کو تاجر تنظیموں کے ساتھ مل کر ان قوانین پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مقررہ وقت کے بعد لائٹس آن رکھنے یا کاروبار کھلا رکھنے والے مالکان کے خلاف بھاری جرمانے اور دکانیں سیل کرنے جیسے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔