Get Alerts

علم و سیاست کا ایک اور باب بند، سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے

علم و سیاست کا ایک اور باب بند، سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے

سیالکوٹ: علم، تدبر اور دینی قیادت کی پہچان رکھنے والے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر 87 برس کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج شب 10 بجے ان کے آبائی شہر سیالکوٹ میں ادا کی جائے گی۔

پروفیسر ساجد میر ایک ماہ سے علیل تھے اور حال ہی میں ان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن ہوا تھا۔ وہ کئی دہائیوں تک اہل حدیث مکتبِ فکر کی علمی اور سیاسی نمائندگی کرتے رہے۔ ان کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے دین، سیاست اور علم کو ایک دھارے میں پرویا۔

وہ پانچ بار سینیٹ آف پاکستان کے رکن منتخب ہوئے اور ہمیشہ وقار، رواداری اور اصول پسندی کی علامت سمجھے گئے۔ ان کی تصنیف "عیسائیت: ایک مطالعہ و تجزیہ" علمی حلقوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔

مرحوم نے دو بیٹے، ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ملک بھر کے علمی و دینی حلقوں میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: