لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کے حصول کی دوڑ نے شائقین کو بے حال کر دیا، قذافی اسٹیڈیم میں آج پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان ہونے والے بڑے معرکے کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فائنل کے ٹکٹس دستیاب ہوتے ہی ویب سائٹس پر صارفین کے غیر معمولی دباؤ کے باعث سرورز پر بوجھ رہا، جبکہ بینکوں کے باہر بھی شائقین کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ زندہ دلانِ لاہور کی کرکٹ سے محبت کے باعث جنرل سے لے کر وی آئی پی انکلوژرز تک کے تمام ٹکٹس "ہاؤس فل" قرار دے دیے گئے ہیں۔
ٹکٹوں کی قلت کے باعث بہت سے شائقین کو مایوسی کا سامنا بھی کرنا پڑا، جبکہ سوشل میڈیا پر ٹکٹوں کی مبینہ بلیک میں فروخت کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ تاہم، پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ تمام فروخت شفاف طریقے سے کی گئی ہے اور اب اسٹیڈیم میں مزید کسی تماشائی کی گنجائش باقی نہیں رہی۔
ٹکٹ حاصل کرنے والے خوش نصیب شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہے، جو ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اسٹیڈیم پہنچ رہے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم کی روشنیاں اور ہاؤس فل اسٹینڈز آج رات پاکستان سپر لیگ کے ایک یادگار فائنل کی گواہی دیں گے۔