Get Alerts

پاکستانی سیاحت کا منظر بدلنے کی تیاریاں، اسلام آباد سے مری الیکٹرک ٹرین چلانے کا منصوبہ

Preparations to change the landscape of Pakistani tourism, plan to run Murree Electric train from Islamabad
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک ایسے منصوبے پر غور شروع کر دیا ہے جس سے پاکستانی سیاحت کا منظر ہی تبدیل ہو جائے گا۔ فواد چودھری نے اسلام آباد سے مری تک الیکٹرک ٹرین چلانے کا عندیہ دیدیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے لکھا ہے کہ اسلام آبد میں 38 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ اب ای او آئی کی سطح پر آ چکا ہے۔ اگلا اہم منصوبہ انشاء اللہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک الیکٹرک آٹومیٹک ٹرین کا ہے جس کی اسٹڈی شروع ہو گئی ہے۔ پلاننگ منسٹری سے اس ضمن میں میٹنگ بھی ہو چکی ہے، انشاء اللہ اس پراجیکٹ سے سیاحت اور سفر کا منظر بدل جائیگا۔

فواد چودھری نے اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے سے گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کیا جا سکے گا۔ حکومت نے ملک بھر میں موٹر ویز پر ای وی چارجنگ اسٹیشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور ان کی روک تھام ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ منصوبہ ایک جرمن کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔ مینوفیکچرنگ پلانٹس کی تنصیبات، بس آپریشن اور پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی جرمن کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔

جرمن کمپنی کے ساتھ اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد فواد چودھری نے بتایا کہ مذکورہ کمپنی تین مراحل میں سرمایہ کاری کرے گی۔ حکومت کا اگلا اہم منصوبہ انشاء اللہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے مری تک الیکٹرک آٹومیٹک ٹرین کا ہے۔ اس پراجیکٹ سے سیاحت اور سفر کا منظر بدل جائے گا۔