لاہور : پنجاب کی فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث لاہور سمیت دیگر شہروں میں سموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بھارت سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے لاہور سمیت کئی شہر بدستور آلودہ ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 471 تک پہنچ گیا ہے، جو آلودگی کی ایک سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شدت مختلف ہے: لوئر مال 804، گلبرگ 758، ساندہ روڈ 745، ڈی ایچ اے 724، اور شالیمار میں اے کیو آئی 585 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، گوجرانوالہ میں 637، فیصل آباد میں 365 اور ملتان میں 245 تک آلودگی کی سطح بڑھ چکی ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سانس کی بیماریوں سے بچا جا سکے۔
تاہم محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ لاہور میں کل سے بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ بارشوں کے بعد فضاء صاف ہونے کی امید ہے، جو شہریوں کے لیے راحت کا باعث بنے گا۔
سموگ کی شدت کے باعث پنجاب کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ آج سے تعلیمی ادارے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے تاکہ بچے اور اساتذہ کم سے کم آلودہ فضا میں اسکول اور کالج جا سکیں۔