Get Alerts

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوینٹی میں شاندار کارکردگی، امیدیں روشن، حوصلے بلند،ٹیم کم بیک کرنا جانتی ہے!

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوینٹی میں شاندار کارکردگی، امیدیں روشن، حوصلے بلند،ٹیم کم بیک کرنا جانتی ہے!

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔ ہفتے کی شب کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، جس سے نہ صرف ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے بلکہ آئندہ برس فروری میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھی اعتماد پیدا ہوا ہے۔

کپتان سلمان علی آغا نے اس موقع پر کہا کہ کھیل کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے 1-0 کے خسارے سے واپس آ کر سیریز جیت کر ثابت کر دیا کہ یہ پاکستانی ٹیم کم بیک کرنا جانتی ہے۔ ان کے مطابق اب کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھ چکے ہیں اور بس اب انہیں عملی طور پر ان کرداروں کو نبھانا ہے۔

سینیئر بیٹر بابراعظم نے سیریز کے آخری میچ میں 68 رنز بنا کر ٹیم کی بیٹنگ لائن میں اعتماد واپس لایا اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ بابراعظم نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اچھی اننگز کے منتظر تھے اور دباؤ تو ہر میدان میں ہوتا ہے، لیکن اصل بات یہ ہے کہ اسے کس طرح سنبھالا جائے۔ انہوں نے شائقین کے تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ٹیم کی ضرورت کے مطابق حالات کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لیے ایک اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے تیار رہتے ہیں، چاہے وہ بیٹنگ، بولنگ یا فیلڈنگ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بولر ہونے کے ناطے وہ بیٹر کے زاویے سے بھی سوچ سکتے ہیں، جو ان کی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

بابراعظم نے اپنی حالیہ ناقص فارم کے حوالے سے کہا کہ کبھی ایسا لگتا تھا کہ سب اچھا ہے لیکن کچھ چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں، تاہم انہوں نے مثبت رہنے اور محنت جاری رکھنے کا حوصلہ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے شائقین سے بھی اپیل کی کہ وہ ہر پاکستانی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھا سکے۔

اس سیریز میں فتح نے نہ صرف ٹیم کے حوصلے بڑھائے بلکہ یہ بھی واضح کیا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم دباؤ کے باوجود کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور آنے والے میگا ایونٹس میں اسے سنجیدگی سے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ٹیگز: