اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت ابھی تک پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی کوسٹ گارڈ نے بھارتی ایجنسی کے لیے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا، جس نے اپنی کہانی عالمی سطح پر بیان کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی فارن سروس نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا اور دہشتگردی کے جھوٹے الزامات کے باوجود ملک کی کامیابیاں تسلیم کی گئی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر فوری الزام عائد کیا گیا، تاہم وزیر اعظم نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے پاکستانی فوج کی کامیابیوں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی فتح کو نمایاں کیا اور کہا کہ معرکہ حق میں فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے سعودی عرب دورے کے دوران معاشی اسٹریٹجک فریم ورک کا اجرا اہم پیشرفت ہے، جس سے بیرونی سرمایہ کاری، وسطی ایشیائی تعلقات اور پاکستانی بندرگاہوں کے تجارتی استعمال کو فروغ ملے گا۔