اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم میں صدارتی اختیارات اور این ایف سی کو چھیڑا جا رہا ہے، اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اس معاملے پر کیا موقف اپناتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18ویں ترمیم کو ہمیشہ ٹرافی سمجھتی رہی ہے، اور 27ویں ترمیم پر بھی وہ عوامی ردعمل کے مطابق فیصلے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کابینہ صرف ایک ڈمی کابینہ ہے اور فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں، جبکہ بلاول بھٹو نے 27ویں ترمیم سے متعلق خبر لیک کر کے شاید عوامی ردعمل دیکھنا چاہا ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 27ویں ترمیم کی حمایت کرے گی اور اس موقع پر اہم کردار جے یو آئی کا ہوگا، جبکہ مولانا فضل الرحمان کے موقف پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ وہ اصولی طور پر اپنی پوزیشن پر قائم رہیں۔