سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہوئے، آرمی چیف

سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہوئے، آرمی چیف
کیپشن: ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، آرمی چیف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کا تعلق معیشت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیر میزبانی میں آرمی آڈیٹوریم میں معیشت اور سیکیورٹی کے باہمی اثر و نفوذ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں حکومت کی معاشی ٹیم اور ملک کے تاجروں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیمینار کے انعقاد کا مقصد ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تجاویز تیار کرنا تھا۔سیمینار سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا تعلق معیشت سے ہے اور ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق بزنس لیڈرز کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات آرمی ہاؤس میں بدھ کوعشائیہ پر ہوئی جس میں کاروباری شخصیات نے آرمی چیف کو بتایا کہ انہیں توقع تھی کہ گورننس مینجمنٹ اور کاروبار کرنے کے معاملات میں بہتری آئے گی مگر وزیراعظم اور ان کی ٹیم سے ملاقاتوں میں تجاویز مانی تو گئیں اور یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں مگر ان پر تاحال عمل نہیں کیا گیا۔

بزنس لیڈرز کا وفد آج وزیراعظم سےبھی ملاقات کرےگاتاکہ کاروباری صورتحال میں بہتری لائی جا سکے۔