Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا

Punjab Chief Minister, Usman Buzdar, Higher Education Department, PTI government, Imran Khan

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ، محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 15 نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لیا ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور جوائنٹ ونچر موڑ پر غور کیا گیا ، اس کے علاوہ صوبے میں سمارٹ یونیورسٹی کا کونسپٹ متعار ف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

صوبہ بھر میں کالج ٹیچر انٹرن کی مزید بھرتیوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کالج پرنسپل کی خالی آسامیاں جلد ازجلد پُر کرنے کے لئے کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر اور سیکرٹریز کا میرٹ پر تقرر یقینی بنایا جائے ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام سے طلبہ بالخصوص طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں گے ۔ راجن پور میں انڈس یونیورسٹی بننے سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا ۔ یونیورسٹی آف مظفر گڑھ ، لیہ ، بھکر ، حافظ آباد اور بہاولنگر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ۔

اس کے علاوہ شیخوپورہ ، قصور ، اٹک ، گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع میں بھی یونیورسٹیاں بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں یونیورسٹی آف تونسہ اور ویمن یونیورسٹی بننے سے محرومیوں کا ازالہ ہوگا ۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں ہائرایجوکیشن کے 197 ترقیاتی منصوبے 15 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ 88 نئے کالجز کے قیام کے لئے 21 کالجز کی اراضی کے انتقال کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن اور دیگر حکام نے شرکت کی ۔