Get Alerts

سندھ ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل قرار دے دیا

سندھ ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل قرار دے دیا

کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے  جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ اور ان فیئر مینز کمیٹی کی سفارشات پر مزید کارروائی بھی روک دی ہے۔

ڈویژن بنچ جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی، جس دوران جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر عمران صدیقی نے بتایا کہ انہیں حال ہی میں نوٹس ملا ہے اور جواب جمع کرانے کے لیے مہلت کی درخواست کی۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے مؤقف اپنایا کہ فریقین کو جواب دینے کے لیے وقت دیا جا سکتا ہے لیکن تب تک جامعہ کراچی کے فیصلے کو معطل رکھا جائے تاکہ مؤکل کو نقصان نہ پہنچے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ یہ ایک شخص کی پوری زندگی کی محنت کا معاملہ ہے، اس لیے عدالت کو انتہائی احتیاط سے فیصلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر 30 سے 35 سال بعد کوئی درخواست دائر کی گئی ہے تو متاثرہ فرد کو ضرور سننا چاہیے، اور بغیر سنے کوئی بھی فیصلہ قانونی طور پر کمزور ہوتا ہے۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے درخواست گزار کے خلاف ذاتی مفاد کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہو اور ایکس پارٹی فیصلے کو اچھا قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اگر جامعہ کراچی نے درخواست گزار کو نوٹس نہیں دیا تو یہ فیصلہ قانون کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔

رجسٹرار جامعہ کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی تعیناتی نئی ہے اس لیے وہ معاملے کی تمام تفصیلات سے واقف نہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ عدالت میں آ کر جواب دینا لازم ہے۔ عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

ٹیگز: