Get Alerts

کبھی معافی نہیں مانگوں گی" — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دوٹوک اعلان، پیپلزپارٹی کو سخت انتباہ

کبھی معافی نہیں مانگوں گی

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ پنجاب پر کیے گئے سیاسی حملوں پر کسی سے معافی نہیں مانگیں گی بلکہ معافی وہ ترجمان مانگیں جنہوں نے سیلاب جیسے سنگین انسانی المیے پر سیاست کی اور پنجاب حکومت کو نشانہ بنایا۔لاہور میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے پیپلزپارٹی کو واضح اور سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا “پنجاب کے خلاف کوئی بولے گا تو بھرپور جواب دوں گی، آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے 100 بار سوچیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں حالیہ دنوں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، لیکن ایک مخصوص صوبے کے چند افراد نے اس المیے پر سیاست کی اور زخموں پر نمک چھڑکا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بیرون ملک سے امداد نہیں مانگی تو اس پر بھی تنقید کی گئی، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنا ہوتا ہے تو بھیک نہیں مانگنی چاہیئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ عناصر نے لوگوں کو گمراہ کیا اور سڑکوں پر نکالا، حالانکہ ایسے وقت میں قوم کو یکجہتی اور ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے، نہ کہ پوائنٹ اسکورنگ کی۔

وزیراعلیٰ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب کی ترقی ان کا مشن ہے اور عوام کو جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دسمبر تک لاہور میں 70 الیکٹرک بسیں سروس کا حصہ بن جائیں گی۔میانوالی، وزیرآباد اور سرگودھا میں بھی الیکٹرک بسیں رواں دواں ہیں۔ لاہور ہی پاکستان کا وہ شہر ہے جہاں سب سے پہلے میٹرو بس، اورنج ٹرین اور اب الیکٹرک بسیں متعارف کرائی گئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ان بیانات کو سیاسی حلقے پیپلزپارٹی کے حالیہ الزامات کے جواب کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جن میں پنجاب حکومت کو سیلابی صورت حال پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
مبصرین کے مطابق، مریم نواز کا جارحانہ مؤقف اس بات کا عندیہ ہے کہ وہ نہ صرف سیاسی تنقید کا جواب دینا چاہتی ہیں بلکہ اپنی حکومتی کارکردگی کو بھی بنیاد بنا کر سیاسی بیانیہ ترتیب دے رہی ہیں۔

ٹیگز: