ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کی ایک مذہبی اور روایتی تقریب کے دوران ہراساں کیے جانے اور نامناسب طریقے سے چھونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس نے صارفین میں شدید غم و غصہ اور تشویش پیدا کر دی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاجول اپنی بیٹی کے ساتھ ہندو بنگالی ثقافت کی خاص رسم ‘سندور کھیلا’ میں شریک تھیں جہاں شادی شدہ خواتین ایک دوسرے پر سرسوں کا تل لگاتی ہیں۔ اسی دوران ایک شخص نے اداکارہ کاجول کو نامناسب طریقے سے چھوا اور انہیں سیڑھیاں اترنے یا واپس جانے سے روکنے کی کوشش کی، ساتھ ہی ان کے بازو کو پکڑنے کی کوشش بھی کی گئی۔
کاجول کے ساتھ اس رویے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور اس شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے اور ہراسانی کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں۔
اداکارہ کی بیٹی کو بھی ویڈیو میں اپنا لباس ٹھیک کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جو اس تقریب میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ واقعہ خاص طور پر اس وقت سامنے آیا ہے جب ہراسانی کے خلاف حساسیت اور شعور میں اضافہ ہو رہا ہے، اور ہر فرد کی عزت اور تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔