Get Alerts

پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازیں رواں ماہ سے بحال ہونے کا امکان

پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازیں رواں ماہ سے بحال ہونے کا امکان

لندن: پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ایئر لائن، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)، رواں ماہ کے دوران برطانیہ کے لیے اپنی فضائی سروسز دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔

ہائی کمیشن کی جانب سے یہ اطلاع سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کی گئی، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ:

"ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ (FOP) جاری کیا۔ یہ اجازت نامہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی پروازوں کی بحالی کے لیے آخری ضروری مرحلہ تھا۔"
مزید بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کو پہلے ہی تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کی منظوری مل چکی ہے۔ ابتدائی طور پر مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے بھی سروسز بحال کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ جولائی 2024 میں برطانیہ نے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے خارج کر دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئر لائنز کو دوبارہ درخواست دینے کا موقع ملا۔ اس فیصلے سے قبل برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا سیکیورٹی معائنہ کیا تھا، جسے بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ جون 2020 میں پی آئی اے کی پرواز کو پیش آنے والے المناک حادثے کے بعد یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا نے پی آئی اے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ بعد ازاں اُس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی جانب سے 262 پائلٹس کے لائسنسز کو مشکوک قرار دینے پر عالمی سطح پر مزید خدشات نے جنم لیا۔

یورپی یونین کی جانب سے یہ پابندی نومبر 2024 میں ختم کر دی گئی تھی، جس کے بعد پی آئی اے کو بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک میں واپس شامل ہونے کا موقع ملا۔

ٹیگز: