اسلام آباد :وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2027 تک آرمی چیف کے منصب پر فائز رہیں گے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عاصم منیر کی کامیابیاں ان کی مدت میں توسیع کا جواز فراہم کرتی ہیں، اور ماضی میں بھی کئی بار توسیع دی جا چکی ہے۔
ان کے مطابق، قانون میں اس حوالے سے گنجائش موجود ہے۔ایئرچیف کی مدتِ ملازمت سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانونی ترمیم کے بعد اب نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ضرورت نہیں، اور ایئرچیف مقررہ مدت پوری ہونے پر خودبخود ریٹائر ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت 2029 تک مکمل کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر وہ جیل میں یا باہر رہ کر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو بات چیت کی گنجائش ہے، لیکن 9 مئی کا واقعہ سیاسی احتجاج نہیں بلکہ سول وار کی کوشش تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف استحکام کی بات کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی انتشار کی طرف جا رہی ہے، جو ملک کے لیے خطرناک ہے۔