واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک اور فوجی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نئی مہم کے لیے تیار ہے، تاہم یہ کارروائی زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت وقت کے ساتھ کمزور ہوتی جا رہی ہے اور امریکا ایران میں حیرت انگیز نتائج حاصل کر رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کے مطابق ایران اپنے ریڈار اور میزائل نظام دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جبکہ امریکا ایران کی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایرانی عوام جلد اپنی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور وہ مزید حکومتی جبر برداشت نہیں کریں گے۔
ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ایران میں 65 ہزار مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں اور ایرانی حکومت مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کرتی ہے۔