دل کے امراض میں مبتلا افراد کیلئے بڑی خبر ،حکومت پنجاب کا ”ڈرپ اینڈ شفٹ“ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

دل کے امراض میں مبتلا افراد کیلئے بڑی خبر ،حکومت پنجاب کا ”ڈرپ اینڈ شفٹ“ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور:  نگران حکومت   پنجاب  نے دل کے مریضوں کیلئے”ڈرپ اینڈ شفٹ“شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت  ہارٹ اٹیک  آنے پر  مریض کو ضروری انجکشن لگا کر ایمبولینس کے ذریعے تحصیل اورڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا  جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلا س میں پرائمری انجیو گرافی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دل کے مریضوں کیلئے "ڈرپ اینڈ شفٹ" منصوبہ شروع کیا جائے گا،ابتدائی طورپر  "ڈرپ اینڈ شفٹ"   پنجاب کے 4 اضلاع شیخوپورہ، قصور، چنیوٹ اور جھنگ میں شروع کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں پرائمری انجیو گرافی کی سہولت نہ ہونے پر مریض کو قریبی بڑے ہسپتال میں شفٹ  کیا  جائے گا، ریسکیو 1122  کی خصوصی ایمبولینس دل کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کرے گی،   سپیشل ایمبولینس میں ٹرینڈ سٹاف اورضروری طبی آلات موجود ہوں گے۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے 9 بڑے ہسپتالوں میں اڑھائی ہزار سے زائد مریضوں کو پرائمری انجیو گرافی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، پرائمری انجیو گرافی کی سہولت کی وجہ سے دل کے مرض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کی جان بچانا ممکن ہوا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 
 

مصنف کے بارے میں