لاہور:وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور علاقائی کشیدگی کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے بتایا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے 129 ارب روپے کی خطیر رقم بطور سبسڈی دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل مالکان کو 100 روپے فی لٹر کی خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے مستحکم رکھنے کے لیے بسوں کو ایک لاکھ روپے تک کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ عام شہریوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت مفت کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزراء کی 6 ماہ کی تنخواہیں عوامی ریلیف کے فنڈ میں منتقل کی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے جس سے سپلائی لائن متاثر ہوئی ہے، تاہم پاکستان میں تیل کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت کی طرح ملک کو دیوالیہ نہیں ہونے دیا گیا اور اب کوشش ہے کہ سبسڈی کا فائدہ صرف غریب اور صاحبِ ضرورت طبقے تک پہنچے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہمسایہ ممالک میں تیل کا بدترین بحران ہے اور شہری لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں، وہیں پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف کے قبل از وقت اقدامات کی بدولت تیل کی کوئی قلت نہیں ہے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر وزارتوں سے کفایت شعاری کی رپورٹ طلب کرتے ہیں۔ مشکل عالمی حالات کے پیشِ نظر عوام کو توانائی کے کم سے کم استعمال کی ضرورت ہے۔ چاروں صوبوں کی قیادت کو اعتماد میں لے کر مشترکہ حکمت عملی اپنائی گئی ہے تاکہ بحران کا راستہ روکا جا سکے۔
دونوں وزراء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کسانوں، دہاڑی دار طبقے اور سفید پوش افراد کو عالمی مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔