اسلام آباد : ملک میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر حکومت نے چینی درآمد کرنے کا ایک اور فیصلہ کیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے مطابق ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کے لیے نیا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، جو 11 اگست کو کھولا جائے گا۔
چند روز قبل ہی حکومت نے 2 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی تاکہ بازار میں قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے، مگر زمینی صورتحال ابھی تک مختلف نظر آتی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری قیمت پر چینی دستیاب نہیں، جبکہ لاہور کی متعدد دکانوں سے چینی مکمل طور پر غائب ہو چکی ہے۔ دکانداروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گُڑ اور شکر کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں۔
ادھر کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں 7 روپے فی کلو کی کمی ہوئی ہے، اور اب یہ 178 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے اس کی سرکاری قیمت 177 روپے مقرر کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک درآمد شدہ چینی بازار میں عام صارف کو دستیاب نہیں ہوگی، قیمتوں میں استحکام ممکن نہیں۔