واشنگٹن : امریکہ میں امیگریشن کے ادارے یو ایس سی آئی ایس (U.S. Citizenship and Immigration Services) نے شادی پر مبنی گرین کارڈ کی درخواستوں کی جانچ پڑتال مزید سخت کر دی ہے۔ اس حوالے سے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں جو یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت، شادی کے ثبوت کے طور پر درخواست دہندگان کو مزید جامع اور مستند دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ ان میں شادی کے بعد کی تصویریں، مشترکہ مالیاتی ریکارڈز جیسے بینک اکاؤنٹس، بلز، انشورنس اور دوستوں یا قریبی رشتہ داروں کے حلف نامے شامل ہوں گے۔
یو ایس سی آئی ایس نے واضح کیا ہے کہ اب صرف شادی کے سرٹیفکیٹ پر انحصار نہیں کیا جائے گا بلکہ درخواست گزار کی امیگریشن ہسٹری، سابقہ درخواستیں، اور ماضی میں کیے گئے دعووں کا بھی مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
ادارہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی درخواست میں مشکوک سرگرمی یا شادی کے جعلی ہونے کا شبہ پایا گیا، تو نہ صرف درخواست مسترد کی جا سکتی ہے بلکہ مزید تحقیقات یا ڈیپورٹیشن (ملک بدری) کی کارروائی بھی شروع کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، گرین کارڈ کی منظوری کے باوجود اگر درخواست گزار امریکہ میں رہنے کے لیے قانونی طور پر نااہل پایا گیا، تو اسے عدالت میں پیش کرنے کے لیے نوٹس ٹو اپیئر (Notice to Appear - NTA) جاری کیا جا سکتا ہے۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق، ان نئی پالیسیوں کا مقصد جعلی شادیوں کے ذریعے امریکہ میں رہائش حاصل کرنے کی کوششوں کی روک تھام ہے۔ ماہرین نے حقیقی درخواست دہندگان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے کاغذات مکمل اور درست رکھیں، اور انٹرویو کے دوران سچائی پر مبنی جوابات دیں۔