اوول :بھارت نے اوول میں کھیلے گئے پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو محض 6 رنز کے فرق سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔
میچ کے آخری دن بھارت نے چار اہم وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کی ٹیم کو 367 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ جیت کے لیے انگلینڈ کو 374 رنز کا ہدف درکار تھا۔ محمد سراج نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور پرساد کرشنا نے بھی 4 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے دوسری اننگز میں شاندار 105 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ان کی 24 ویں ٹیسٹ سنچری تھی، جس سے انہوں نے کئی عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ہیری بروک نے بھی اپنی دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 50 اننگز میں اپنی دسویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، جو گزشتہ 70 سال میں سب سے کم اننگز میں 10 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے۔
سیریز میں کل 21 انفرادی سنچریاں سکور ہوئیں جو کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ، 9 مختلف بلے بازوں نے 400 سے زائد رنز بنائے اور 19 سنچری پارٹنرشپس قائم ہوئیں، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اوول گراؤنڈ پر انگلینڈ نے اپنی 100ویں ٹیسٹ سنچری بھی مکمل کی، جس کے بعد اوول لارڈز کے بعد انگلینڈ کا دوسرا ایسا گراؤنڈ بن گیا جہاں اتنی سنچریاں بنائی گئی ہیں۔
اگرچہ بھارت نے میچ جیت کر سیریز برابر کی، لیکن انگلینڈ کے بلے بازوں نے اپنی تاریخی کارکردگی سے کرکٹ کی دنیا میں اپنی چھاپ چھوڑ دی ہے۔