Get Alerts

امریکا میں کتوں کی منفرد سرفنگ چیمپئن شپ

امریکا میں کتوں کی منفرد سرفنگ چیمپئن شپ

کیلیفورنیا: شمالی کیلیفورنیا کے ساحل پر منعقد ہونے والی سالانہ ورلڈ ڈاگ سرفنگ چیمپئن شپ میں مختلف نسلوں کے کتوں نے سرفنگ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کر کے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

پیسیفیکا کے ساحل پر ہونے والے اس منفرد ایونٹ میں چھوٹے سپینیلز سے لے کر بڑے لیبراڈور کتوں تک نے حصہ لیا۔ مقابلے کے دوران ججز نے کتوں کی کارکردگی کو سرف بورڈ پر توازن برقرار رکھنے، لہروں پر سفر کرنے کی مہارت اور اعتماد کے ساتھ سرفنگ کرنے کی بنیاد پر جانچا۔

اپنے دسویں سال میں داخل ہونے والی اس چیمپئن شپ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور رنگ برنگی لائف جیکٹس پہنے کتوں کی شاندار پرفارمنس پر بھرپور داد دی۔ کتوں کے مالکان انہیں سرف بورڈ کے ذریعے لہروں تک لے گئے، جہاں وہ کامیابی سے ساحل کی جانب واپس آئے۔

مقابلے کے ساتھ پالتو جانوروں کو گود لینے کی حوصلہ افزائی اور مقامی فلاحی اداروں کے لیے فنڈز جمع کرنے کی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔

ایونٹ میں شریک صوفیہ سیڈلووسکی نے بتایا کہ ان کے منی ایچر پنشر کتے "رسٹی" نے ابتدا میں صرف تصاویر کے لیے سرف بورڈ پر کھڑا ہونا شروع کیا تھا، مگر بعد میں اس نے باقاعدہ سرفنگ سیکھ لی۔ ان کے مطابق پہلی ہی کوشش میں رسٹی نے کامیابی سے لہر کا سامنا کیا اور اپنی صلاحیت سے سب کو متاثر کر دیا۔

ٹیگز: