اسلام آباد: ایران نے کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تجارت اور اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
یہ اظہار ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت محمد اتابک نے اسلام آباد میں پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایرانی وزیر محمد اتابک نے کی۔
ایرانی وزیر نے کہا کہ ایران برادر ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد اتابک نے بتایا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، اور امید ہے کہ یہ عمل جلد کامیابی سے مکمل کرلیا جائے گا، جس سے دوطرفہ تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کو فعال بنانا سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے روزگار اور معاشی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے نجی شعبے ایک دوسرے پر اعتماد رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے تاجر تجارت بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ انہیں کاروباری سرگرمیوں کے لیے آسان، منظم اور قابل اعتماد ماحول فراہم کیا جائے۔
جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے عملی منصوبے اور روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت ہے جو پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا سکیں اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں۔