ہم میں جیل جانے کا صبر بھی ہے اور حوصلہ بھی،عمران خان کو اگلا وزیراعظم جیل بھیجے گا: آصف زرداری

ہم میں جیل جانے کا صبر بھی ہے اور حوصلہ بھی،عمران خان کو اگلا وزیراعظم جیل بھیجے گا: آصف زرداری
کیپشن: سکرین شاٹ

ٹنڈوالہ یار:پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ غیرسنجیدہ وزیر اعظم ملک نہیں سنبھال سکے گا، تحریک انصاف کی ناتجربہ کار حکومت نہیں چل سکے گی اور عمران خان کو اگلا وزیراعظم جیل بھیجے گا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ناسمجھ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جارہا، الیکشن میں لائی گئی کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلنا، یہ حکومت ملک نہیں سنبھال سکتی اور حالات بہت سنگین ہیں، تاہم بدترین جمہوریت بہترین آمریت سے بہتر ہوتی ہے، اسی لیے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں تاکہ کسی اور قوت کو نظام لپیٹنے کا موقع نہ ملے اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، تاہم پی ٹی آئی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح نظام کو توڑ دیں۔


آصف زرداری نے کہا کہ یہ ناتجربہ کار حکومت ہے جسے سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، ون یونٹ کے خلاف ہم نے جدوجہد کی تھی اور موقع ملا تو آئین میں ترمیم کی، اب یہ حکومت اٹھارویں ترمیم کی کچھ شقوں میں ترمیم کا بہانہ بناکر آئین کو منسوخ کرنا ہے، ہم حکومت کی اس کوشش کی مخالفت کریں گے، یہ حکومت نہیں چل سکے گی، جبکہ موجودہ حکومت کو خطرہ ہوا تو ہم نہیں بلکہ وہی طاقتیں سپورٹ کریں گی جو لے کر آئی ہیں۔


سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالوں گا، ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ویسی بھرنی، نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی جیل بھیجے گا۔


جعلی بینک اکائونٹس اور منی لانڈرنگ کیس سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ جب تک جاں ہے یہ جنگ چلتی رہے گی، پہلے بھی مجھے قیدی بنایا گیا تھا اب بھی یہی ارادے ہیں، حکومت ہماری ہمت آزمائے ہم ان کے ظلم آزمائیں گے، جے آئی ٹی میں مجھے اور بہن کو بلایا ہے لیکن بلاول کو طلب نہیں کیا گیا، ہم نے سوالات کے جواب دیے ہیں، کیس چلے گا تو دیکھیں گے۔