محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ محمد حفیظ آفیشل ٹوئٹر

ابو ظبہی :مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹ محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔

نیوزی لینڈ کیخلاف جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر محمد حفیظ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی توجہ مختصر فارمیٹ کی جانب رکھنا چاہتا ہوں اس لیے اس فارمیٹ سے ریٹائرڈ ہو رہا ہوں ۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 15 سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، اس سفرمیں جس جس نے میری رہنمائی کی اس کا شکر گزار ہوں، اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں، پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا امید کرتا ہوں پاکستان ٹیم مستقبل میں بہت اچھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گی۔

17 اکتوبر 1980 کو سرگودھا میں پیدا ہونے والے اس کرکٹر نے 2003 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ٹیسٹ میچز کھیلے ۔

محمد حفیظ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران 3644 رنز بنائے جس میں  10 شاندار سنچریاں شامل ہیں ان کا سب سے زیادہ اسکور 224 رنز ہے ۔آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 53 وکٹیں بھی حاصل کیں.