آغا سراج درانی کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ منظور

آغا سراج درانی کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ منظور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گزشتہ روز نیب کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا اور دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے آغا سراج درانی کے 2 دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ آغا سراج درانی کے وارنٹ گرفتاری ہیں، انہیں پہلی دستیاب پرواز سے کراچی منتقل کیا جائے گا جس پر جج محمد بشیر نے آغا سراج درانی سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ تو آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ انہیں کہیں کہ مجھے جلدی کراچی بھجوا دیں۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے آغا سراج درانی کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ پیر کو آغا سراج درانی کو کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کر دیں گے۔
واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے آغا سراج درانی کو سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کے باہر سے نیب نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔