سانحہ سیالکوٹ پر انتہائی دکھ ہے، ملوث کرداروں کو قرار واقعی سزا دی جائے: تحریک لبیک پاکستان

سانحہ سیالکوٹ پر انتہائی دکھ ہے، ملوث کرداروں کو قرار واقعی سزا دی جائے: تحریک لبیک پاکستان
سورس: file

لاہور: ترجمان ٹی ایل پی نے سانحہ سیالکوٹ پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقتول کے ورثا اور سری لنکن عوام کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان ہر مظلوم کے ساتھ اور ہر ظالم کے خلاف کھڑی ہے۔ 

سیالکوٹ میں سپورٹس فیکٹری کے منیجر کی ملازمین کے ہاتھوں ہلاکت پر اپنے رد عمل میں ٹی ایل پی کے ترجمان نے کہا کہ ناموس رسالت صل اللہ علیہ وسلم کا ذاتی مقاصد کے لیے استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔ ملک کسی خون خرابے اور فساد کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین پاکستان کی رو سے ہر ایک مذہب والے کو مذہبی آزادی حاصل ہے چاہے وہ ہندو ہوں یا عیسائی  ۔ کسی کو بھی مذہب  کے حوالےسے مسلمانوں سے یا مسلمانوں کو ان سے کوئی شکایت ہے نہ رہی ہے۔ 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیالکوٹ واقعہ کے پس منظر اور سازش کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے اور ملوث کرداروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ 

ترجمان نے مزید کہا کہ گستاخی و توہین مذہب کی سزا کے لیے ملکی قوانین موجود ہیں جب ملک میں قانون اور عدل و انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں تو کسی کی جرات نہیں کہ قانون کو ہاتھ میں لے۔