Get Alerts

رواں سال کا آخری سپر مون 4 دسمبر کو نظر آئے گا

رواں سال کا آخری سپر مون 4 دسمبر کو نظر آئے گا

اسلام آباد: رواں سال کا آخری سپر مون 4 دسمبر کو نظر آئے گا، جو 2025 کا تیسرا اور سب سے بڑا فل مون ہوگا۔ یہ سپر مون "کولڈ مون" کہلاتا ہے کیونکہ یہ سال کے سرد ترین اور اندھیری ترین موسم میں طلوع ہوتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، سپر مون شام کے وقت مشرق کی جانب طلوع کرے گا اور رات کو آسمان پر سب سے بلند نظر آئے گا۔ یہ سپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند زمین کے قریب ترین نقطے (پیریجی) پر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے وہ عام فل مون کے مقابلے میں بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔

ماہر فلکیات کے مطابق، یہ سپر مون پچھلے سپر مونز سے بڑا ہوگا اور واضح راتوں میں آسمان پر آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے ماہر فلکیات ولیم آلسٹن نے بتایا کہ افق کے قریب چاند بڑا دکھائی دیتا ہے، اور سپر مون کے دوران یہ اثر زیادہ نمایاں ہو جاتا ہے۔

پاکستانی اسپیس ایجنسی (اسپارکو) کے مطابق، اس سپر مون کا حجم عام فل مون کے مقابلے میں تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔ یہ سپر مون یورپ، برطانیہ اور شمالی امریکا میں مختلف اوقات میں نظر آئے گا۔ برطانیہ میں یہ چاند 3 دسمبر کی رات 11 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک دکھائی دے گا، جبکہ یورپ میں یہ 4 دسمبر کو شام 11 بجے سے 12 بجے رات کے درمیان طلوع ہوگا۔ شمالی اور مغربی امریکا میں 3 دسمبر کی رات اسے دیکھا جا سکے گا، اور چاند کا عروج 4 دسمبر کی شام سوا 6 بجے ہوگا۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ صاف آسمان پر بغیر کسی خصوصی آلات کے بھی سپر مون دیکھا جا سکتا ہے، اور یہ سال 2025 کا آخری موقع ہوگا جب فلکیاتی شوقین اس منفرد منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
 
 

ٹیگز: