اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ مری، گلیات اور ان کے آس پاس کے علاقوں میں بھی موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی محسوس ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گلگت بلتستان میں موسم سرد رہنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔