Get Alerts

پنجاب حکومت کا بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے اہم اقدام، سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل

پنجاب حکومت کا بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے اہم اقدام، سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل

لاہور: پنجاب کی حکومت نے بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر قیادت 15 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کی چیئرپرسن سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو مقرر کیا گیا ہے، جب کہ سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا کمیٹی کے شریک چیئرمین ہوں گے۔

کمیٹی کا مقصد بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنا ہے جس میں مختلف شعبوں جیسے صنعتوں، زراعت، ورکشاپس، اور آٹو ریپیر کے شعبے شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سکول ایجوکیشن، سرمایہ کاری و کامرس، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر، بیت المال اور ہنر مندی و چھوٹے کاروبار کی ترقی کے صوبائی وزراء کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، داخلہ، محنت و افرادی قوت، سکول ایجوکیشن، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر، سکل ڈویلپمنٹ اینڈ اینٹرپرینیور کی وزارتوں کے صوبائی سیکرٹریز، چیئرمین پی ٹی آئی بی اور ڈی آئی جی پولیس بھی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

کمیٹی اپنے کام کا آغاز مختلف شعبوں کی میپنگ سے کرے گی، جس میں بچوں سے جبری مشقت لینے والے علاقوں اور شعبوں کا تعین کیا جائے گا۔ اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی جیسے اے آئی اور جی آئی ایس کے ذریعے ایک مرکزی ڈیٹا بینک بھی تشکیل دیا جائے گا۔ کمیٹی بچوں سے جبری مشقت کے شکار اضلاع اور علاقوں کا بھی تعین کرے گی اور ان کے لیے متبادل ذرائع روزگار کی حکمت عملی تیار کرے گی۔

کمیٹی کی طرف سے فوری، وسط اور طویل مدتی حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ بچوں سے جبری مشقت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ والدین، اساتذہ اور معاشرے کے دیگر طبقات کو اس مسئلے سے آگاہ کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ کمیٹی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ متعلقہ ادارے اس معاملے میں اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے انجام دیں۔

ٹیگز: