اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں پاکستان میں مطلوب شہری شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی فوری حوالگی کے لیے ضروری کاغذات برطانوی حکام کے حوالے کر دیے۔
ملاقات میں پاک ۔برطانیہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا اور ہرزہ سرائی ناقابل قبول ہے اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کی واپسی کے لیے برطانوی تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کے اصولوں کا احترام کرتے ہیں، تاہم فیک نیوز ہر ملک کے لیے مسئلہ ہے اور ان افراد کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کے ذریعے ان کی حوالگی کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔