قومی خزانے پر ڈاکا ڈالنے والوں کے سامنے حکومت بے بس ہے، شیخ رشید

قومی خزانے پر ڈاکا ڈالنے والوں کے سامنے حکومت بے بس ہے، شیخ رشید
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:وفاقی  وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا ہے، وزیراعظم نے شہباز شریف کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنا کر غلط فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پی ٹی آئی کو احتساب کا ووٹ ملا لیکن دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھا دیا۔ قومی خزانے پر ڈاکا ڈالنے والوں کے سامنے یہ حکومت بے بس ہے، میرا مطالبہ ہے کہ اب عمران خان چھوٹے چوروں کو بھی رہا کر دیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے خود ٹیکسٹ کیا ہے کہ ان سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز کے مسئلے سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سپیکر کا کام قومی اسمبلی چلانا ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی چلانا نہیں، سپیکر اسمبلی کم ازکم دو بار ممبر اسمبلی ہونا چاہیے مگر سر تسلیم خم ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ سعد رفیق اور رانا ثنا اللہ کو بھی پی اے سی ممبر بنا دیا جائے، گارنٹی دیتا ہوں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا،بات  قانون اور آئین کے دائرے میں ہوگی ۔