حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے، وزیراعظم

حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے، وزیراعظم
کیپشن: حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے، وزیراعظم
سورس: فائل فوٹو

اسلام آؓباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ وزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ، وزیرِ برائے اقتصادی امور خسرو بختیار ، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بریفنگ دی گئی کہ کاروباری برادری کی جانب سے معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ ان پالیسیوں کی بدولت کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان کو وبا کے باوجود بھی کاروبار کرنے کے لئے مواقع میسر آئے ہیں۔ 

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جس پر کہا گیا کہ ان تجاویز میں مختلف انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر نظام کی شفافیت اور کسانوں کے استحصال کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی پر مرکوز ہے اور بنیادی اشیائے ضروریہ میں غریب افراد سب سے زیادہ آٹے کی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ تمام تر ضروری انتظامی اقدامات کو اس حوالے سے یقینی بنایا جائے اور زیر غور تجاویز کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔