پی ایس ایل کی تاریخ کا شرمناک ریکارڈ شاہد آفریدی کے نام

پی ایس ایل کی تاریخ کا شرمناک ریکارڈ شاہد آفریدی کے نام
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈ ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شاہد خان آفریدی گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف مقابلے کیلئے میدان میں اترے تو یہ میچ ان کیلئے ڈراؤنے خواب جیسا بن گیا۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جو رواں سیزن میں اب تک کا سب سے زیادہ مجموعہ ہے۔ شاہد خان آفریدی کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد کوئٹہ کی ٹیم میں شامل ہوئے اور گزشتہ روز رواں سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلا مگر اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ 
شاہد خان آفریدی نے 4 اوورز میں مجموعی طور پر 67 رنز دئیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی اور یوں وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک میچ کے دوران سب سے زیادہ رنز دینے والے باﺅلرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے۔ ان کا آخری اوور سب سے مہنگا ثابت ہوا جس میں مجموعی طور پر 20 رنز بنے۔ 
پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک میچ کے دوران سب سے زیادہ رنز دینے والے باؤلرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر 65 رنز کے ساتھ ظفر گوہر ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی 62 رنز کے ساتھ تیسرے، انور علی 57 رنز کے ساتھ چوتھے، سہیل خان 57 رنز کے ساتھ پانچویں، عماد بٹ 56 رنز کے ساتھ چھٹے، ثمین گل 56 رٰنز کے ساتھ ساتویں، شاداب خان 55 رنز کے ساتھ آٹھویں، عامر یامین 54 رنز کےساتھ نوویں اور وہاب ریاض 54 رنز کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں