پی ایس ایل 7، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

پی ایس ایل 7، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیدی
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 9 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 


ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بیٹنگ شروع کی تو پہلی وکٹ گزشتہ میچوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اوپنر بلے باز شرجیل خان کی صورت میں گری جب وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کو دوسرا نقصان 3 رنز پر برداشت کرنا پڑا جب صاحبزادہ فرحان بھی کھاتہ کھولے بغیر محمد عمر کی وکٹ بن گئے۔ بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے تیسرے نمبر پر آئن کوکبین آئے اور اسکور 77 رنز تک پہنچایا۔ عثمان قادر نے 31 رنز بنانے والے کوکبین کو پویلین بھیج کر کنگز کی چوتھی وکٹ بھی گرا دی۔

کپتان بابراعظم نے اس دوران ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

خیال رہے کہ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173  رنز بنائے۔ 


شعیب ملک نے جارحانہ بلے بازی کرتے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 52 رنز بنائے اور حضرت اللہ زازئی نے 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل 21، حیدر علی 16 اور بین کٹنگ 24 رنز بنا سکے۔ 


کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عامر یامین ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 


واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، حیدر علی، حسین طلعت، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، سلمان ارشاد، عثمان قادر اور محمد عمر شامل ہیں۔ 


کراچی کنگز کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، کوکبین، محمد نبی، صاحبزادہ فرحان، لوئس گریگوری، عماد وسیم، عامر یامین، عمید آصف، محمد طحہ خان اور محمد عمران جونیئر شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں