Get Alerts

مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی،عوام کو ریلیف مل رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

 مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی،عوام کو ریلیف مل رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی ٹیکس کو وقت کا تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور چاروں صوبوں نے مل کر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم فیصلے کیے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے، اور پولیو کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے جمروت میں پولیو ٹیم پر حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے 23 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جبکہ 18 جوان دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ انہوں نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں سے ملاقات کے دوران ان کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ جوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح میں کمی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوری 2025 میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح 2.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی، اور اب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔

وزیراعظم نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی بات کی اور کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک میں ان کے ساتھ ہونے کا عزم ظاہر کیا۔

سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو تیل کی درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی کی سہولت فراہم کی، جس پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔ سعودی فنڈ کے ساتھ مانسہرہ میں واٹر سپلائی سکیم کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے منصوبے پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔

آخر میں، وزیراعظم نے زرعی ٹیکس کے حوالے سے صوبوں کا تعاون سراہا اور کہا کہ رمضان کے مہینے میں یوٹیلیٹی سٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لایا جائے گا تاکہ کرپشن سے بچا جا سکے، کیونکہ گزشتہ رمضان میں عوام سے بے شمار شکایات موصول ہوئیں۔

ٹیگز: