پبی: نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) پبی میں نویں بین الاقوامی "پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ" (PATS) مقابلے 2026 کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ان مقابلوں کا بنیادی ہدف دوست ممالک کی افواج کے درمیان عسکری روابط کو مضبوط بنانا اور جدید جنگی مہارتوں کا تبادلہ کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب کے فوراً بعد 60 گھنٹے پر محیط طویل اور اعصاب شکن پیٹرولنگ مشق کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ مقابلے اپنی نوعیت کی ایسی مشقیں ہیں جو شرکاء سے اعلیٰ درجے کی جسمانی و ذہنی فٹنس اور پیشہ ورانہ مہارت کا تقاضا کرتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان مقابلوں کو حقیقی جنگی ماحول کے مطابق ڈھالا گیا ہے تاکہ چیلنجنگ حالات میں فوری فیصلہ سازی کی صلاحیت کو پرکھا جا سکے۔رواں برس ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 19 ممالک کی نمائندگی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکہ اور ازبکستان کی 24 بین الاقوامی ٹیمیں میدان میں اتر چکی ہیں۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے فوجی مبصرین بھی اس ایونٹ کا حصہ ہیں۔
پاک فوج اور پاک بحریہ کی 16 ٹیمیں اپنی مہارتوں کا لوہا منوا رہی ہیں جبکہ پاک فضائیہ بطور مبصر شرکت کر رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق، "پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ" محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایک ایسا مشن ہے جو عالمی افواج کو ایک دوسرے کے بہترین تجربات اور جدید عسکری نظریات سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کا مقصد ٹیم سپرٹ کے ذریعے استقامت کو فروغ دینا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو بہتر بنانا ہے۔