Get Alerts

حکومت کا اپوزیشن کو مذاکرات کا گرین سگنل، متنازع معاملات مل بیٹھ کر طے ہو سکتے ہیں: طارق فضل چوہدری

حکومت کا اپوزیشن کو مذاکرات کا گرین سگنل، متنازع معاملات مل بیٹھ کر طے ہو سکتے ہیں: طارق فضل چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ تمام متنازع معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ  سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہی مضمر ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسی اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی ہے۔وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خود اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں جا کر ان سے ملاقات کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد سیاسی ڈیڈ لاک کا خاتمہ ہے۔
واضح رہے کہ  اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان رابطوں کی بحالی میں رانا ثناء اللہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کابینہ کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر منصوبہ بندی کو دو ٹوک ہدایت دی ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات فی الفور پورے کیے جائیں۔
طارق فضل چوہدری نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جن معاملات پر اعتراضات اٹھاتی ہے، اگر نیت صاف ہو تو وہ میز پر بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔ حکومت کا دروازہ بات چیت کے لیے ہمیشہ کھلا ہے۔

ٹیگز: