خشک سردی کا زور مکمل طور پر ٹوٹ گیا ، سردی کی شدت بھی بڑھ گئی

خشک سردی کا زور مکمل طور پر ٹوٹ گیا ، سردی کی شدت بھی بڑھ گئی

لاہور:  پشاور،روالپنڈی،اسلام آباد ،گجرات اور نوشہر ہ سمیت ملک کے کئی علاقوں میں  آج بھی بادل برسنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ،موسم کی خبر دینے والوں نے بارش کاسلسلہ مزید جاری رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے ۔خشک موسم کی طویل اننگ ہوئی ختم ، برستے بادلوں نے ملک کے کئی علاقوں میں ڈیرے ڈال لیے۔آسمان سے گرتی بوندوں نے اسلام آباد کا حسن مزید نکھار دیا ،سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ۔

پشاور اور گردونواح میں آج بھی ، ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم بھیگا بھیگا ہے 
گجرات میں موسم سرما کی پہلی جھڑی نے  موسم کا مزاج بدل دیا ، خشک سردی ختم ہونے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے،نوشہرہ، سرائے عالمگیر  اور دیگر علاقوں میں بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ملکہ کوہسار مری میں دوسرے روز بھی آسمان سے برف گر رہی ہے جس سے پہاڑوں کی چوٹیوں نے دوشالہ اوڑھ لیا ،غدر ،استور ،گنگاچوٹی اورسدھن گلی کےپہاڑی علاقوں میں ،اب تک کئی فٹ برف پڑ چکی ہے ، ٹھنڈ میں بھی اضافہ ہونے لگا۔مسلسل برفباری کے باعث لواری ٹاپ آج دوسرے روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔دوسری جانب پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند رفو چکر ہونے لگی ہے تاہم وسطی اور جنوبی پنجاب کے بعض حصوں میں دھند کاراج برقرار ہے۔
خانپور،وہاڑی اور راجن پور میں ،حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی جبکہ سرگودھا،فیصل آباد،اورجھنگ لاہور روڈ پر ٹریفک معطل رہی ۔موسم کی خبر دینے والوں نے خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ،جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں ، ہلکی بوندا باندی اور بارش سے سردی کی شدت کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

مصنف کے بارے میں