شاہد آفریدی اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کھیلیں گے 

شاہد آفریدی اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کھیلیں گے 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے والے شاہد خان آفریدی اپنی ہی ٹیم کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق 15 جنوری کو عطیات جمع کرنے کے حوالے سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اشتراک سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کرکٹرز اور شوبز سٹارز کی ٹیموں کے درمیان فلڈ لائٹ میچ کھیلا جائے گا۔ 
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ شاہد آفریدی اپنی فاؤنڈیشن کی ٹیم کی قیادت کریں گے اور یوں پی ایس ایل 7 کے آغاز سے پہلے ہی شاہد آفریدی اپنی ٹیم کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ 
اس دوستانہ میچ میں عمر اکمل، سہیل تنویر اور سابق عالمی سکواش چیمپین جہانگیر خان جبکہ معرف شوبز سٹارز سمیت دیگر شخصیات بھی حصہ لیں گی۔ یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے شاہد خان آفریدی کی خدمات حاصل کی ہیں۔ 
واضح رہے کہ41 سالہ شاہد خان آفریدی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے بعد ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ گزشتہ سیزن میں انہوں نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 میچز میں صرف 3 رنز بنائے اور 2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

مصنف کے بارے میں